ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / خلیجی خبریں / اردو یونیورسٹی میں نئے طلبہ کا اورینٹیشن پروگرام، ڈاکٹر اسلم پرویز و دیگر عہدیداروں کی مخاطبت

اردو یونیورسٹی میں نئے طلبہ کا اورینٹیشن پروگرام، ڈاکٹر اسلم پرویز و دیگر عہدیداروں کی مخاطبت

Thu, 02 Aug 2018 01:39:58    S.O. News Service

حیدرآباد: یکم/ اگست (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)تعلیم اگر صرف نوکری کے حصول کے لیے حاصل کی جارہی ہو تو اس میں کوئی برائی نہیں لیکن صرف یہی اصل مقصد نہ ہو بلکہ اس کا اصل مقصد مکمل شخصیت کا فروغ ہونا چاہیے۔اس کے لیے طلبہ نہ صرف وہ تعلیم حاصل کریں جو ایک استاد کمرۂ جماعت میں دے رہا ہے بلکہ لائبریری اور انٹرنیٹ کے مختلف ذرائع جیسے یوٹیوب، فیس بک، واٹس ایپ سے بھی علمی استفادہ حاصل کریں۔ ان خیالات کا اظہار مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی میں آج نئے طلبہ کے اورینٹیشن پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد اسلم پرویز، وائس چانسلر نے کیا۔ انہوں نے نظم و ضبط (ڈسپلن) کی اہمیت پر زوردیتے ہوئے کہا کہ اب تک طلبہ نے مختلف اسکولوں یا کالجوں میں تعلیم حاصل کی ہے۔ اب انہیں یونیورسٹی میں داخلہ ملا ہے۔ چونکہ مانو، اردو یونیورسٹی ہے اور انہیں امتحانات اردو میں لکھنے ہیں، انہیں اپنا اردو خط اور تلفظ سدھارنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے طلبہ کو حاضری کی جانب توجہ دلاتے ہوئے کہا کہ امتحانات میں شرکت کے لیے 75 فیصد حاضری ضروری ہے اور ہر ماہ حاضری ویب سائٹ پر اپ لوڈ کردی جاتی ہے۔ انہوں نے یونیورسٹی میں موجود وائی فائی اور انٹرنیٹ سسٹم کے متعلق بتاتے ہوئے کہا کہ یہ سہولت طلبہ کو بہتر تعلیمی مواد کی فراہمی کے لیے ہے۔ طلبہ اس کا غلط استعمال نہ کریں۔انہوں نے طلبہ کو مشورہ دیا کہ ہاسٹل کی زندگی میں ایک دوسرے کا خیال رکھیں تاکہ مختلف مقامات سے آنے والے طلبہ کو تکلیف نہ ہوں۔ اختلافات کو نزاع کے بجائے اتحاد کا ذریعہ بنایا جائے۔ طلبہ پابند ڈسپلن رہیں‘ محبتیں پھیلائیں‘ نفرت کے لیے کوئی جگہ نہیں۔ ابتدا میں ڈاکٹر ایم اے سکندر‘ رجسٹرار نے خیر مقدم کرتے ہوئے طلبہ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ پروفیسر شکیل احمد، پرو وائس چانسلر نے تعارفی خطاب میں یونیورسٹی کے اعلیٰ عہدیداروں کا تعارف پیش کیا اور مانو کو وسائل کی دولت سے مالا مال یونیورسٹی قرار دیا۔ انہوں نے طلبہ سے کہا کہ وہ ان وسائل کا بہتر استعمال کریں۔کیونکہ طلبہ ہی کسی بھی تعلیمی ادارے کی پہچان ہوتے ہیں۔پروفیسر شانِ کاظم نقوی‘ ڈائرکٹر‘ سنٹر فار انفارمیشن ٹکنالوجی نے آئی یو ایم ایس نظام اور اُس کی افادیت پر روشنی ڈالی۔ ڈاکٹر اختر پرویز، لائبریرین سید حامد لائبریری نے مرکزی کتب خانے میں دستیاب کتابوں کی تفصیل‘ لائبریری کے آن لائن ذرائع اور لائبریری کے قواعد و ضوابط کے متعلق بتایا۔ پروفیسر رویندر ناتھ، ڈین تعلیمات نے چوائس بیسڈ کریڈٹ سسٹم کے متعلق معلومات فراہم کیں۔ جناب رضوان احمد، ڈائرکٹر انسٹرکشنل میڈیا سنٹر نے طلبہ کو مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمس جیسے فیس بک، یوٹیوب وغیرہ کے تعلیمی استعمال کے متعلق بتایا اور ملک میں چلائے جارہے swayam اور سویم پربھا پورٹل کی تفصیلات فراہم کیں۔شعبہ عربی کے ریسرچ اسکالر غوث محمد کی تلاوت کلام پاک سے جلسے کا آغاز ہوا۔ جناب انیس احسن اعظمی، مشیر اعلیٰ اردو مرکز برائے مطالعاتِ ثقافت نے نہایت عمدگی سے کارروائی چلائی۔ کثیر تعداد میں طلبہ‘ اولیائے طلبہ اور اساتذہ نے شرکت کی۔ اورینٹیشن پروگرام کا انعقاد نظامت داخلہ کی جانب سے کیا گیا۔ پروفیسر پی فضل الرحمن ‘ ڈائرکٹر اور ڈاکٹر محمد شمس الدین‘ اسسٹنٹ ریجنل ڈائرکٹر نے انتظامات کی نگرانی کی۔


Share: